بروکلین کے مکان میں آتشزدگی ، پاکستانی ماں بچی سمیت شدید زخمی
کنگز ہائی وے پر واقع پرائیویٹ ہاؤس میں اتوار کی شام لگنے والی آگ نے یکدم گھر کو لپیٹ میں لے لیا، ماں بیٹی دھویں سے بیہوش ہو گر جلنے سے شدید زخمی
نیویارک (محسن ظہیر سے ) کنگز ہائی وے ، بروکلین (نیویارک) پر واقع ایک پرائیویٹ ہاو¿س میں اتوار کی شام چھ بجے لگنے والی آگ میں ایک جواں سال پاکستانی ماں اپنی کمسن بیٹی کے ساتھ آگ لگنے سے شدید زخمی ہو گئی ۔ ماں اور بیٹی دونوں کو سٹیٹن آئی لینڈ ہسپتال پہنچایا دیا گیا جہاں ان کی علاج جاری ہے تاہم ماں بیٹی کی حالت کو تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مقامی شخصیت ادریس بیگ کی صاحبزادی شمائلہ کنگز ارسلان ہائی وے ، بروکلین پر واقع اپنے گھر میں اپنے شوہر ارسلان جاویداور بیٹی عبیر کے ساتھ موجود تھیں ۔ گھر میں ان کے سسرجاوید بیگ اور ساس بھی موجود تھے ۔ اس دوران ارسلان ، معمول کے مطابق کام پر روانہ ہوا، انہیں ان کی اہلیہ اور کمسن بیٹی عبیر نے الوداع کہا۔
بیٹے کے کام پر روانہ ہونے کے بعد ارسلان کے والد اور والدہ (آتشزدگی سے متاثر ہونیوالی شمائلہ ) کے سسر اور ساس گھر کے بالکل سامنے لگی ”فینس“ کے اندر واک کرنے لگے ۔ اس دوران انہوں نے دیکھا کہ فرسٹ فلور پر واقع ان کے گھر کی ایک کھڑکی میں آگ بھڑک اٹھی ۔اس صورتحال کو دیکھ کربیٹی شمائلہ کے سسر جاوید بیگ نے پہلے گھر کے مین دروازے سے اندر جا کر بہو کی مدد کی کوشش لیکن سامنے لگی آگ نے انہیں آگے نہیںبڑھنے دیا جس کے بعد وہ دوسری منزل پر رہنے والے مالک مکان سردار ڈمپل سنگھ کے گھر کی طرف دوڑے اور انہیں بتایا کہ نیچے آگ لگ گئی ہے۔اسی دوران جائے وقوعہ کے قریب واقع ایک آف ڈیوٹی فائر فائٹر بھی صورتحال کو دیکھ کر مدد کےلئے آگیا ۔
جاوید بیگ کے مطابق مالک مکان سردار ڈمپل ، گھر کی پچھی جانب گیا جہاں باتھ روم تھا ، پچھلے دروازے سے وہ باتھ روم میں داخل ہوا جہاں شدید دھویں کی وجہ سے اسے کچھ نظر نہیں آیا تاہم ، وہ باتھ روم میں گھسنے میں کامیاب ہو گیا اورباتھ روم کی ہاتھ سے تلاشی کے دوران اسے بچی عبیر مل گئی جسے وہ اٹھا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا ۔ اس دوران آف ڈیوٹی فائر فائٹر مسلسل پانی اور سپرے سے آگ بجھانے کی کوشش میںمصروف رہا
اس دوران پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور ایمرجنسی حکام کو بھی آتشزدگی سے آگاہ کر دیا گیا جو کہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں اور گھر میں محصور ہونے والی ماں کی تلاش بھی شروع کیں جو انہیں گھر کے اندر بیہوشی اور آتشزدگی کی وجہ سے شدید زخمی حالت میں ملیں۔ ایمرجنسی حکام نے دونوں ماں بیٹی کو سٹیٹن آئی لینڈ کے ہسپتال پہنچایا جہاں آتشزدگی کے مریضوں کا سپیشل یونٹ قائم ہے۔بچی عبیر کو سوموار کو سٹیٹن آئی لینڈ یونیورسٹی ہسپتال سے نیویارک سٹی کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے تاہم بچی کی والدہ شمائلہ ارسلان مسلسل سٹیٹن آئی لینڈ ہسپتال میںزیر علاج ہیںاور ان کی حالت نہایت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
دریں اثناءارسلان ، اپنی اہلیہ اور کمسن بیٹی کی اطلاع ملتے ہی سٹیٹن آئی لینڈ ہسپتال پہنچے تو صدمے کی وجہ سے خود پر قابو نہ رکھ سکے اور صدمے کی وجہ سے گر گئے ، انہیں بھی ہسپتال میں داخل کرکے طبی امداد دی گئی ۔اب ان کی طبیعت بہتر ہے ۔
اردیس بیگ کے بھائی شفیق بیگ نے اردو نیوز کو بتایا کہ متاثرہ فیملی کنگز ہائی وے پر واقع پرائیویٹ مکان میں کرائے پر فرسٹ فلور پر رہتے تھے ۔ متاثرہ خاندان نے ایک دن پہلے اپنے گھر کی کھڑکی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ جیسے کسی واقعہ کی شکایت کی ، مالک مکان نے کھڑکی کے آس پاس کی صورتحال چیک کرکے کہا کہ انہیں کوئی خاص چیز نظر نہیں آئی ۔
شفیق بیگ کے مطابق متاثرہ شمائلہ کے ساس اور سسر جو کہ آتشزدگی کے عینی شاہد بھی ہیں ، نے بتایا کہ کھڑکی پاس آگ اچانک بھڑکی اور یکھتے ہی دیکھتے ، گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی آتشزدگی کے اس واقعہ کی وجہ سے شدید مغموم ہو گئی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ آتشزدگی کا شکار ہونے والی ماں اور کمسن بیٹی کو صحت عطاءفرمائیں ۔