اوورسیز پارٹی آف پاکستانیز نے عبداللہ حسین ہارون کو نگران وزیر اعظم بنانے کی تجویز دیدی
عبداللہ حسین ہارون جمالِ پیکر ،کمال مظہر ،ان کی بصارت و سماعت عوام کو ان کا گرویدہ بنادیتی ہے،ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں
مخالفین بھی ان کے علم و عمل میں کمالِ ہم آہنگی کے معترف رہتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی تقدیر بدلنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، صدر خالد میمن
پاکستان (پ ر)اوور سیز پارٹی آف پاکستانیز کے صدر خالد میمن نے حسن وجمال کے پیکر اور کرشمہ ساز شخصیت سابق سفیر اقوام متحدہ برائے پاکستان اور سابق نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کونگراں وزیر اعظم بنانے کی تجویز دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کی نعمتوں سے مالا مال ملک ہے اور اس ملک کے شہری بدحال ،بے یارومدد گار،بے روز گاری،بدامنی ،غربت ،جہالت اور بیماری کے مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں۔عبداللہ حسین ہارون ہی اپنی صلاحیت و مہارت سے عوام کی بدحالی سے نجات دلانے کا عمل جانتے ہیں۔ان کے پاس عالمی معیار کا تجربہ ،مہارت ہے۔ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کے دل میں پاکستان کی محبت ہے۔
عبداللہ حسین ہارون کو قدرت نے جمالِ پیکر ،کمال مظہر بنایاہے۔عوام کوانہیں دیکھ کر اور انہیں سن کربصارت و سماعت کو جو تسکین ملتی ہے وہ ان کے چاہنے والوں کو ان کا گرویدہ بنادیتی ہے۔قدرت نے ان کے صدق و اخلاص ، ان کی صورت و سیرت اور گفتار و کردار میں وہ تاثیر رکھی ہے جو دل کو موہ لیا کرتی ہے۔ان جیسی مقبول اور محبوب و محترم شخصیت کوئی اور نہیںوہ بہت کامیاب اور نیک نا م سیاستداں ہیں۔خالد میمن کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ان کی خوبیوں کا اعتراف کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ان سے اختلاف رکھنے والے بھی عبداللہ حسین ہارون کے صدق و اخلاص ،ان کے علم و عمل اور ظاہر و باطن میں کمالِ ہم آہنگی کے معترف رہتے ہیں۔بلا شبہ عبداللہ حسین ہارون سچ کے سچے ترجمان اور ملک و ملت کے عظیم محسن ہیں۔
اوور سیز پارٹی آف پاکستانیز کے صدر خالد میمن نے کہا ہے کہ ہم نے ایک سوچ کو جنم دیا ہے اس سے قبل کسی نے ایسی بات نہیں کی۔جس طرح چین کو اوورسیز چائینز نے ترقی کی منزل پر لاکھڑا کیا ہے اور اسی طرح عبداللہ حسین ہارون بھی اوورسیز پاکستانیوں کی تقدیر بدلنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
خالد میمن کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔عبداللہ حسین ہارون اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مل کر ان کے تحفظات دور کریں گے اور ان کی بھلائی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے اور ان کیلئے سہولیات میں وسعت پیدا کریں گے۔واضح رہے کہ عبداللہ حسین ہارون، حاجی سر عبداللہ ہارون کے قابل فخر پوتے اور سعید ہارون مرحوم کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ حاجی سر عبداللہ ہارون ایک سیاستدان تھے جنہیں قائد اعظم محمد علی جناح آل انڈیا مسلم لیگ کا مظبوط ترین ستون کہتے تھے۔ان کے دل میں پاکستان کی محبت ہے اور ان کے خاندان نے پاکستان کیلئے اپنا تن دھن سار کچھ قربان کر ڈالا۔قائد اعظم اور فاطمہ جناح جب بھی کراچی آتے توان کے گھر پر قیام کرتے۔اور پاکستان کا جھنڈا بھی ان ہی کے گھر میں ڈیزائن ہوا تھا۔
عبداللہ حسین ہارون ستمبر 2008ءسے دسمبر 2012ءتک اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر رہے ہیں۔ وہ سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر کے عہدے پر بھی فائز رہے اور مختلف تعلیمی اداروں، اسپورٹس ایسوسی ایشنز اور چیرٹی تنظیموں کے بورڈ ممبر بھی ہیں۔ سندھ اسمبلی کے سابق ا سپیکر اور امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر عبداللہ حسین ہارون نے نگراں وزیر خارجہ کا قلمدان 5 جون 2018ءکو سنبھالا تھا۔اور اس عہدے پر 18 اگست 2018 تک تعینات رہے۔