احسن چغتائی کے والد شفقت چغتائی پاکستان میں انتقال کر گئے
شفقت منیر چغتائی کچھ عرصہ سے علیل تھے اور فیصل آباد میں اپنی ہمشیرہ کے پاس مقیم تھے،بدھ چار مئی کو خالق حقیقی سے جا ملے
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سماجی شخصیت اور مئیر نیویارک کے سینئر ایڈوائزر احسن چغتائی کے والد ، ہفت روزہ صدائے پاکستان نیویارک کے سابق پبلشر اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت شفقت منیر چغتائی پاکستان میں انتقال کر گئے ۔مرحوم کی نماز جنازہ پاکستان میں ہی ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا جائیگا۔
شفقت منیر چغتائی ، کچھ عرصے سے علیل تھے اور فیصل آباد می اپنی ہمشیرہ کے پاس مقیم تھے ۔ بدھ کو ان کی طبعیت ناساز ہوئی اور سنبھل نہ سکی اور شفقت منیر چغتائی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ انکے پسماندگان میں بیوہ ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔
احسن چغتائی اور محسن چغتائی نے دوست احباب اور کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے والد مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کریں ۔ احسن چغتائی جو کہ نیویارک میں ہیں ، بدھ کی شام کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین پر واقع اپنے آفس میں شام چار بجے کے بعد موجود ہوں گے جہاں دوست احباب ان سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کر سکیں گے ۔احسن چغتائی سے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔
شفقت چغتائی مرحوم کا شمار پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف و سرگرم سماجی شخصیات میں ہوتا رہا ۔ انہوں نے بروکلین میںپاکستان کمیونٹی سنٹر سمیت کمیونٹی کی متعدد تنظیموں کی بنیاد رکھی ۔سنی نیوز، کمیونٹی نیوز کے بعد ہفت روزہ صدائے پاکستان کے نام سے کامیابی سے اردو اخبارات بھی نکالے ۔ سنی ڈرائیونگ سکول کے نام سے کامیابی ست بزنس بھی کیا ۔
شفقت منیر چغتائی تقریباً دس سال قبل پاکستان منتقل ہو گئے تھے اور وہاں پر ہی مقیم تھے ۔ پاکستان میں گذشتہ کچھ عرصے سے وہ ایک ریٹائر زندگی گذار ررہے تھے ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات ، کمیونٹی قائدین ، ارکان اور مرحوم کے دوست احباب کی جانب سے شفقت چغتائی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ، ان کے درجات بلند فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائیں ۔