حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، میاں فیاض
مسلم لیگ (ن) کے مینڈیٹ پر 2018میں جو ڈاکہ ڈالا گیا تھا ، ایوان نے وہ مینڈیٹ اصل حقدار نواز شریف کو دےدیا ہے ، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) امریکہ
نیویارک (اردونیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے کے سینئر نائب صدر میاں فیاض نے میاں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ بھر میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) یوا یس اے کے تمام عہدیداران اور ارکان ، میاں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
میاں فیاض نے کہا کہ سال 2018کے الیکشن میں پنجاب میں عوام نے واضح طور پر مینڈیٹ ، مسلم لیگ (ن) کو دیا تھا لیکن اس مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا او ر تحریک نا انصاف نے جبر کے تحت حکومت بنائی ۔ الحمد للہ آج پنجاب اسمبلی میں پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ اصل حقدار میاں نواز شریف اور ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واپس دے دیا ہے ۔
میاں فیاض نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں آج تشدد ، اسمبلی قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑانے اور آئین کی خلاف ورزی کی جو تاریخ رقم کی گئی ہے ، اس کی کالک تحریک انصاف اور ق لیگ کے قائدین کے منہ پر ہمیشہ موجود رہے گی ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر کا مزید کہناتھا کہ میاں حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کی صورت میں پنجاب میں ترقی کا وہ سفر وہیں سے شروع ہو گا کہ جہاں سے اس سلسلے کو روکا گیا تھا ۔