ڈاکٹر آصف رحمان ، صدر آزاد کشمیر کے اعزازی ایڈوائزر مقرر
آزاد جموں و کشمیر صدارتی سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈاکٹر آصف رحمان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے
میر پور، نیویارک (اردونیوز ) کشمیری و پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سماجی شخصیت ، امریکہ کے مشہور ماہر امراض اور پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم ”اپنا “(APPNA) کے سابق سنٹرل پریذیڈنٹ ڈاکٹرآصف رحمان کو صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اعزازی ایڈوائزر برائے ہیلتھ مقرر کر دیا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں آزاد جموں و کشمیر صدارتی سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈاکٹر آصف رحمان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ اس نوٹفکیشن کی نقول سیکرٹری پریذیڈنشل افئیرز، پی ایس او برائے پریذیڈنٹ آزاد کشمیر ، آصف رحمان کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں ۔
ڈاکٹر آصف رحمان کا شمار امریکہ میں مقیم آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی کشمیری و پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف شخصیات میں ہوتا ہے ۔ کشمیر کاز کے حوالے سے وہ ہمیشہ امریکہ میں سرگرم عمل رہے ۔ ڈاکٹر آصف رحمان کی ”اپنا“ کے صدارت کے دور میں منعقد ہونیوالے ”اپنا سالانہ کنونشن “ میں پہلی بار کشمیر پر سیمینار منعقد کیا گیا اور مسلہ کشمیر کو اجاگر کیا گیا ۔
ڈاکٹر آصف رحمان نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ، وہ اس کے لئے مشکور ہیں اور اس اعتماد پر پورا اترنے کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔