پاکستان

سانحہ پشاور ، پاکستانی امریکن کمیونٹی کی پرزور مذمت، سوگ کا اعلان

سانحہ پشاور کی شدید مذمت کرتے ہیں ،سوگوار ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں،درندوں کوگرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے ، اوورسیز کمیونٹی

نیویارک ( اردونیوز ) امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی نے پشاور کے قصہ خوانی باازار میں واقع مسجد امامیہ میں نماز جمعہ کے دوران ہونیوالے خود کش حملے کی شدید الفاظ میںمذمت کی ہے اور شہدا ءکے لواحقین کے نا م اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم سوگوار ان کے غم میںبرابر کے شریک ہیں ۔ اوورسیز کمیونٹی نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے اس ہولناک واقعہ میں ملوث درندوں کوگرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے ۔
المہدی سنٹر بروکلین (نیویارک ) کے امام آیت اللہ ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ دہشت گردوں کو تباہ کریں اور ہماری مظلوم قوم کو یزیدیوں کے شر سے محفوظ فرمائیں ۔ دہشت گردوں کو چوکوں میں سولی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سانحہ پر سوگ منائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے شیعوں کو مسلسل احتجاج کرنا ہوگا ورنہ حالات 80 کی دہائی کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس ہولناک واردات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی ہوگا۔
امریکہ سمیت اوورسیز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر بھی سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس ہولناکی پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔
واضح رہے کہ جمعہ کو پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع جامع مسجد امامیہ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے 57 نمازی شہید جبکہ 196 زخمی ہوگئے۔ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔پشاور کے ایس ایس پی ہارون رشید کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، خودکش حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسجد میں داخل ہو گیا جس کے بعد وہ منبر تک پہنچ گیا جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 1 پولیس اہل کار شہید، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا،پولیس ٹیم پر حملے کے بعد جامع مسجد میں دھماکا ہوا ہے۔ ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ کالے کپڑوں میں ملبوس خود کش حملہ آور نے خود کو منبر کے سامنے اڑایا۔

پشاور کے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ میں ہوئے خود کش دھماکے سے متعلق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اس دھماکے کا کوئی تھریٹ الرٹ بھی جاری نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ خودکش دھماکا سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں

Related Articles

Back to top button