پانچ جولائی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا
پیپلز پارٹی یو ایس اے کے سینئر قائدین اعجاز فرخ، بیگم عفت فرخ، سرور چوہدری ، مدثر چوہدری ، استاد باقر،خالد بندیشہ ، محمد علی خٹک ، اسیر محمد خان اور یوسف خان کا بیان
نیویارک ( پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے سینئر قائدین چوہدری اعجاز فرخ، بیگم عفت فرخ ، سرور چوہدری ، مدثر چوہدری ، استاد باقر، خالد بندیشہ ، محمد علی خٹک ، اسیر محمد خان اور یوسف خان نے کہا ہے کہ پانچ جولائی جس روز ایک ڈکٹیٹر جنرل ضیاءالحق نے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹا ، ملکی تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔
اپنے مشترکہ بیان میں چوہدری اعجاز فرخ، بیگم عفت فرخ ، سرور چوہدری ، مدثر چوہدری ، استاد باقر، خالد بندیشہ ، محمد علی خٹک ، اسیر احمد اور یوسف خان نے کہا کہ ہم پانچ جولائی کو ڈکٹیٹر ضیاءالحق کے ظالمانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری ریاست بنانے کے لئے ہمارے قائدین شہید بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے جو قربانیاں دیں ، انہیں رائیگان نہیں جانے دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ انشاءاللہ ہم چئیرمین بلاول بھٹو اور کو چئیرمین آصف زرداری کی قیادت میں شہید بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے جمہوریت کے مشن کو یقینی بنائیں گے ۔
پیپلز پارٹی یو ایس اے کے قائدین نے کہا کہ جمہوری جدوجہد میں عمران خان ، گرم ہوا کے ہلکے سے جھونکے سے تلملا رہے ہیں ، وہ اندازہ کریںکہ شہید بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جیسے قائدین کتنے عظیم ہوں گے کہ جنہوں نے اور ان کے پیروکاروں نے جانوں کی قربانیاں دے دیں لیکن عوام کے حقوق کا پرچم ہمیشہ بلند رکھا۔