" "
اوورسیز پاکستانیز

پاکستانی امریکن فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری

نیویارک (خصوصی رپورٹ) امریکہ میں پاکستانی امریکن فارماسسٹوں کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن (PAPA) کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی، لانگ آئی لینڈ کے پرشکوہ لیو نارڈ پلازوہال میں منعقد ہونےوالی پروقار تقریب میں پاپا کے ممبران، ان کے اہل خانہ اور کمیونٹی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے انعقاد میں پاپا کے نومنتخب صدر سید نسیم الرحمن، محمدسلیم، یعقوب نور، عبدالرحمن چودھری، عرفان جیلانی اور دیگر اراکین نے اہم کردار ادا کیا۔ خوبصورت تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل راجہ علی اعجاز تھے جو لگاتار 4سال سے پاپا کے بڑے ایونٹس میں شرکت کرتے آ رہے ہیں۔ ناسا کاﺅنٹی کی سابقہ کاﺅنٹی کلرک نسرین احمد نے بھی خصوصی طور سے تقریب میں شرکت کی۔ محمدامین نے قرآن پاک کی تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا۔
پاپا کی ہونہار اور ذہین رکن رابعہ الیاس نے انتہائی خوبصورتی کےساتھ نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ان کے ہمراہ نومنتخب سیکرٹری جنرل نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے، خاص طور سے محفل موسیقی کی نظامت انہوں نے کی۔

پاکستانی امریکن فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری

جج عباس بایونس نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ حلف لینے والوں میں چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ عبدالرحمن چودھری، صدر سید نسیم الرحمن، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ انیس صدیقی، وائس پریذیڈنٹ صفدر شیخ، جنرل سیکرٹری یعقوب نور، جوائنٹ سیکرٹری اصغر چوہان، فنانس سیکرٹری ثمر شمسی، جوائنٹ فنانس سیکرٹری عروج حامد اور پبلک ریلیشنز آفیسر عرفان جیلانی نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ عباس بایونس کے علاوہ قونصل جنرل راجہ علی اعجاز، نسرین احمد اور دیگر نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔

قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے پاپا کو ایک گرانقدر تنظیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چار سال سے پاپا کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں، انہیں ان تقریبات میں آ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔
صدر نسیم الرحمن نے کہا کہ وہ پاپا کو اور منظم طریقے سے چلائیں گے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی مدت پوری کرنے والے صدر سمیع الرحمن کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور کہا کہ انہوں نے پاپا میں نوجوانوں کو متحرک کیا ہے۔
نسیم الرحمن نے کہا کہ آج بھی یہاں نوجوان فارماسسٹوں کی معقول تعداد موجود ہے۔ انہوں نے پاپا کے زیرانتظام منعقد ہونےوالے مختلف پروگراموں کی تفصیلات بھی بتائیں اور امید ظاہر کی کہ نئی انتظامیہ اس عظیم تنظیم کو مزید فعال اور متحرک بنائے گی۔

پاکستانی امریکن فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری

تقریب سے محمدسلیم‘ عبدالرحمن چودھری، عروج حامد نے بھی خطاب کیا اور پاپا کےلئے بہترین خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاپا کی حلف برداری کی تقریب سے قبل جاری تعلیم (Continuing Education) کا سیشن بھی منعقد ہوا جو پاپا کے پروگراموں کا مستقل حصہ ہے۔ پرتکلف ڈنر کے بعد محفل موسیقی کا انعقاد ہوا۔ جنرل سیکرٹری یعقوب نور نے محفل موسیقی کا آغاز کیا۔ ٹینا انٹرٹینمنٹ کی ٹینا کنڈالیا اور پرکاش نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور سے ٹینا کنڈالیا نے اپنی دلکش آواز میں خوبصورت گانوں سے محفل کو پررونق بنایا۔

 

پاکستانی امریکن فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری

شرکاءان کی مدھر آواز اور گائیکی سے بے حد محظوظ ہوئے۔ پاپا کے منتظمین نے تنظیم کے اراکین‘ انکے اہل خانہ اور کمیونٹی کی دیگر شخصیات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

Back to top button