نیویارک اور شکاگو کے مئیرڈٹ گئے، امیگرنٹ کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے ہو گئے
ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں انہیں بتایا ہے کہ لوگ انکی پالیسیوںکی وجہ سے پریشان ہیں، بل ڈبلازیوکی منتخب صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ
نیویارک کے مئیر بل ڈبلازیو اور شکاگو کے مئیر راہم ایمونئیل نے کہا ہے کہ امریکہ لینڈ آف امیگرنٹس ہے اور وہ امیگرنٹس کمیونٹی کے ساتھ ہیں
نیویارک کے مئیر نے واضح کیا ہے کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مسلم امریکن کمیونٹی کو رجسٹریشن کےلئے کہا گیا تو نیویارک سٹی اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی
امیگرنٹس کے حقوق کی مختلف اہم و نمائندوں تنظیموں کے قائدین کا امیگرنٹ کمیونٹیزپر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی چارہ جوئی کی صورت میں قبل از وقت اپنی تیاری مکمل رکھیں
نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی کے مئیر بل ڈبلازیواور سپیکر ملیسا، شکاگو کے مئیر راہم ایمو نئیل سمیت امریکہ کے متعدد شہروں کے مئیر اور اعلیٰ حکام سمیت دیگر حکام ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے قبل ان کی ممکنہ امیگریشن پالیسیوں کے پیش نظر اپنے شہر میں بسنے والی امیگرنٹ کمیونٹیز کے لاکھوں ارکان کے ساتھ مل کر اور ڈٹ کر کھڑے ہو گئے ہیں ۔گذشتے ہفتے مئیر بل ڈبلاز یو نے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے ملاقات میں منتخب صدر کو ان کی پالیسیوں کے حوالے سے نیویارکرز ، عوام میں پائے جانیوالے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ ان کی مجوزہ پالیسیوں کی وجہ سے نیویارکرز بالخصوص امیگرنٹ کمیونٹیز پریشان ہیں ۔
مئیر ڈبلازیو نے کہا کہ نیویارک امیگرنٹس کا شہر ہے اور وہ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ نیویارک میں ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مئیر ڈبلازیو نے مزید کہا کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکہ میں بسنے والی مسلم کمیونٹی کے ارکان کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا تو سٹی گورنمنٹ اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی
نیویارک کی طرح شکاگو سمیت دیگر بڑے شہروں کے مئیروں نے بھی امیگرنٹ کمیونٹیز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ شکاگو کے مئیر راہم ایمونئیل نے کہا کہ شکاگو شہریوں کے لئے ایک محفوظ شہر تھا اور رہے گا۔انہوں نے امیگرنٹ کمیونٹیز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے
دریں اثناءامیگرنٹس کے حقوق کی مختلف اہم و نمائندوں تنظیموں کے قائدین کا امیگرنٹ کمیونٹیز بالخصوص ایسے تارکین وطن کہ جنہیں لیگل سٹیٹس کے حوالے سے کسی قسم کے مسائل کا سامنا ہے ، پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی چارہ جوئی کی صورت میں قبل از وقت اپنی تیاری مکمل رکھیں ۔
سٹی یونیورسٹی نیویارک میں سنٹر برائے ایتھنک و کمیونٹی میڈیا کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن اپنے امیگریشن اور سٹیٹس سے متعلقہ تمام دستاویزات کو ایک جگہ اکٹھا رکھیں اور مستند وکیل یا کسی ایسی تنظیم جو ان کی رہنما ئی کر سکیں سے ضرور مشورہ کریں ۔
نیویارک سٹی کی کمشنر امیگریشن افئیرز نیشا اگر وال نے کہا کہ نیویارک میں بسنے والے امیگرنٹس کی مدد کے لئے سٹی کی جانب سے اہم امور میں رہنمائی اور مدد کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں 311پر رابطہ کرکے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں