مقبوضہ کشمیر انشاءاللہ جلد آزاد ہو کر رہے گا، بیرسٹر سلطان محمود
کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ 1947ءسے نہیں بلکہ 1837ءسے لڑ رہے ہیں،بیرسٹر سلطان محمود
کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ 1947ءسے نہیں بلکہ 1837ءسے لڑ رہے ہیں،بیرسٹر سلطان محمود کاواشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام مسئلہ سیمینار سے خصوصی
واشنگٹن ڈی سی ( اردونیوز ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ بھارت 27اکتوبر1947ءسے لے کر آج تک وہاں پر انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے اور آئے روز کشمیری عوام پرمظالم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے۔ میں پاکستان کے امریکہ میں سفیر سردار مسعود خان اور پاکستانی سفارتخانے کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے اس سیمینار کی ٹائمنگ بہت اچھی رکھی ہے کہ 24اکتوبر1947ءکو غازی ملت سردار ابراہیم خان کی قیادت میں آزادکشمیر حکومت کی بنیاد رکھی گئی۔ جبکہ ٹھیک تین روز بعد بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہو کر جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کیا جو کہ آج تک جاری ہے۔ بھارت یہ جان لے کہ کشمیری بھارت کے کشمیر پر تسلط کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے اور مقبوضہ کشمیر انشاءاللہ جلد آزاد ہو کر رہے گا۔
کشمیری عوام انٹرنیشنل کمیونٹی کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر آنے والے پہلے مسائل میں ایک ہے جو کہ اب تک حل طلب ہے۔ عالمی برادری کو جنوبی ایشیاءکی دو ایٹمی طاقتوں کو ا±ن کے حال پر نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ لہذا خطے میں امن اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے سب کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔ میں نے 2014سے لے کر2018تک لندن، نیو یارک، برسلز، ڈبلن اور برلن میں دیوار برلن پر ملین مارچز کیے جن کے ذریعے میں نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی جبکہ میں نے اپنے موجودہ دورہ امریکہ میں بھی امریکی وزارت خارجہ، اقوام متحدہ اور او آئی سی میں کشمیر کنٹیکٹ گروپ سمیت دیگر اہم فورمز پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف واضح اور دو ٹوک الفاظ میں پیش کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں آج یہاں امریکہ کہ دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر منعقدہ ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیمینار کی میزبانی کے فرائض ایمبیسڈر سردارمسعود خان نے سرانجام دئیے جبکہ اس موقع پر سیمینار سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان، ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر امتیاز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ 1947ءسے نہیں بلکہ 1837ءسے لڑ رہے ہیں جب مہاراجہ کے دور حکومت میں سبز علی خان اور ملی خان کی منگ کے مقام پر زندہ کھالیں کھچوائی گئیں۔ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری شہداءکا خون جلد رنگ لائے گا اور ہماری یہ جدوجہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا۔
اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایمبیسڈر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس سیمینار کے لئے ہم نے آج کا دن اس لئے رکھا ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ آج بھی قائم ہے اور ہم اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے انٹرنیشنل کمیونٹی اپنا رول ادا کرے۔