مقبوضہ کشمیر میں معصوم آصفہ بانو کا قتل، اقوام متحدہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
مظاہرے میں اعلان کیا گیا کہ 29اپریل کو وائٹ ہاوس کے سامنے جبکہ مئی کے پہلے ہفتے میں انڈین مشن نیویارک کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے
کشمیر مشن یو ایس اے کے زیر اہتما م ہونیوالے مظاہرے میں پاکستانی و کشمیری امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان کی شرکت، آٹھ سالہ آصفہ بانو سے زیادتی اور قتل کی شدید مذمت
مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے اور مسلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مظابق بلا تاخیرحل کرکے اپنا فرض اور ذمہ داری پوری کرے
نیویارک (اردو نیوز ) اقوام متحدہ کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچی آصفہ بانو کے ساتھ ہونیوالی زیادتی اور بیہیمانہ قتل کے خلاف منگل کو یہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور معصوم آصفہ کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے اور مسلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بلا تاخیرحل کرکے اپنا فرض اور ذمہ داری پوری کرے ۔مظاہرے میں پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی کے مقامی قائدین اور ارکان سردار سوار خان، ملک ندیم عابد، شفیق صدیقی، توقیر الحق، سردار امتیاز، محمد تاج خان، علی انور، چوہدری سکندر، اسلم ڈھلوں، مروت خان، عظمی ایڈوکیٹ، معصومہ ، سکھ امرجیت سنگھ، سردار ظفر، ماسٹر اشفاق، سردار فاروق، خواجہ فاروق، راجہ رزاق، راجہ مختار، آصف بیگ، ناصر سلیم، واجد سوار، ساجد سوار، ثاقب ارشاد، سیمی اسد، باسط اسد سمیت دیگر نے شرکت کی ۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور مودی سرکار کے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔
مظاہرے سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ نریندر مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے ۔حکومتی روش کو دیکھ کر کشمیر میں انتہا پسند ہندو¿ں کی جانب سے بھی سر عام کشمیری عوام کو مظالم اور انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ ان مظالم کے خلاف ہم آواز اٹھاتے رہیں گے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر میں ظلم کا سلسلہ بند نہیں ہوجاتا اور کشمیری عوام کو ان کے حقوق نہیں ملتے
کشمیر مشن یو ایس اے کے زیر اہتمام ہونیوالے مظاہرے میں اعلان کیا گیا کہ 29اپریل کو وائٹ ہاو¿س کے سامنے جبکہ مئی کے پہلے ہفتے میں انڈین مشن نیویارک کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔