مقبوضہ کشمیر میں پولیس چوکی پر حملہ، اہلکاروں سے 4 رائفلیں چھین لی گئیں
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں حملہ آور سری نگر کے نواحی علاقے گوری پورہ میں پولیس کی ایک چوکی پر حملہ کر کے 4 پولیس اہلکاروں سے ان کی سروس رائفلیں چھین کر فرار ہوگئے۔
7 حملہ آوروں کے گروپ نے سری نگر کے علاقے گوری پورہ میں بھارتی پولیس کی 13ویں بٹالین کی چوکی پر حملہ کیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ مجاہدین کے ایک گروپ نے ہتھیار چھیننے کی کارروائی کی۔ پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قصبے سے آزاد کرانے کیلیے اپنی جوانیاں قربان کررہے ہیں لہذا ہماری یہ ذمے داری ہے کہ ہم ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلیے اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔
تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوںشہید 4 کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ انداربی، پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ ،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر و دیگر نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہدائے ترال کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔