ضیاءالکرم اسلامک سنٹر میں عظیم الشان سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس
اطاعت مصطفیﷺ ہی عشق مصطفیﷺ ہے۔ نماز سمیت اللہ کے احکامات پر عمل کرنا ہی عشق مصطفی ﷺہے، میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے علماءکرام کے خطابات
ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی اور انتظامیہ مسجد کے زیر اہتمام کانفرنس کی صدارت پیر سید صفدر حسین شاہ نے کی جبکہ گلاب بانو اسلامک سنٹر کے ڈاکٹر عبدالواحد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی
علامہ مفتی سہیل رضا امجدی ،پروفیسر علامہ محمد احمد اعوان ،قاری محمد یونس قادری ،قاری محمد اعجاز، قاری ذیشان قادری کے علاوہ ثناءخوانان حافظ محمد علی سہروردی ، محمد اصغر چشتی سمیت مقامی نعت خوانان کی شرکت
حاجی نیاز احمد بھٹی ، حاجی شہزاد احمد بھٹی سمیت دیگر نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی معاونت کی ، ڈاکٹر شہباز احمد چشتی نے ضیاءالکرم اسلامک سنٹر کی نئی بلڈنگ کی کلوزنگ کی خوشخبری سنائی
نیویارک (اردو نیوز ) ضیاءالکرم اسلامک سنٹر کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی نبی آخر الزمان ،سرور کونین ، آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیﷺ کے میلاد پاک کے حوالے سے یہاں عظیم الشان میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سرکار دو عالم ﷺ کے مقام و مرتبے ،معجزات، تعلیمات اور احکامات کے مختلف و اہم پہلوو¿ں پر روشنی ڈالی گئی ۔ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی اور انتظامیہ مسجد کے زیر اہتمام کانفرنس کی صدارت پیر سید صفدر حسین شاہ نے کی جبکہ گلاب بانو اسلامک سنٹر کے ڈاکٹر عبدالواحد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ عالم دین علامہ مفتی سہیل رضا امجدی ،پروفیسر علامہ محمد احمد اعوان ،قاری محمد یونس قادری ،قاری محمد اعجاز، قاری ذیشان قادری کے علاوہ ثناءخوانان حافظ محمد علی سہروردی ، محمد اصغر چشتی سمیت مقامی نعت خواں آصف انصاری،خالد جاوید،نعمان احمد چشتی،محمد ایاز، سید حمزہ شاہ، جاوید گھمن،صوفی عباس نے بار گاہ رسالت ﷺ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔
قاری محمد اعجاز نے اپنے مخصوص انداز میں آیات قرآنی کی تلاوت کرکے سماں باندھ دیا جبکہ قاری محمد یونس قادری نے ختم شریف پڑھا اور پیر سید صفدر حسین شاہ نے خصوصی دعا کروائی ۔میلادمصطفی ﷺ کانفرنس کے انعقاد میں نیاز احمد بھٹی اور شہزاد احمد بھی سمیت دیگر نے خصوصی معاونت کی ۔کانفرنس میں ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی کی جانب سےسب سے بڑا اعلان شرکاءکو خوشخبری کی صورت میں یہ اعلان کرکے کیا گیا کہ ضیاءالکرم اسلامک سنٹر کے لئے باتھ ایونیو پر ہی خریدی گئی بلڈنگ کی کلوزنگ مکمل کرکے مالکانہ حقوق حاصل کرلئے گئے ہیں اور کام مکمل ہونے کے بعد اللہ کے فضل و کرم سے سنٹر اپنی نئی بلڈنگ میں منتقل ہو جائے گا۔انہوں نے سنٹر کی پانچ سالہ کارکردگی کا بھی تفصیل سے ذکر کیا ۔اس موقع پر سنٹر کے واجبات کی ادائیگی اور کام کے لئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔شرکاءکی جانب سے ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی سمیت پوری مسجد انتظامیہ کو مبارکباد دی گئی ،پرخلوص اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا گیا۔
پروفیسر علامہ محمد احمد اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی خوش نصیب لوگ ہیں کہ آپ اس دیار میں اللہ کے گھر بنا رہے ہیں ، یہاں سجدوں کا اہتمام کررہے ہیں اور دین کے فروغ میں کام کررہے ہیں۔
ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکارکریم ﷺ نے نعت پڑھنے والوں کیلئے خصوصی دعائیں فرمائیں اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی چہروں کی رونق ہمیشہ قائم رکھے۔ حضور اکرم ﷺکا ارشادمبارک ہے کہ ایک بار خوشخبری اور مبارکباد اس کے لئے ہے کہ جس نے مجھے دیکھا اور ایمان لے آیا اور سات بارمبارکباد اس کے لئے ہے کہ جنہوں نے مجھے دیکھا نہیں لیکن پھر بھی ایمان لے آئے۔ڈاکٹر علامہ شہباز احمد چشتی نے کہا کہ جو رسول اللہ ﷺسے محبت کرتا ہے، نبی کریم ﷺبھی اس سے محبت کرتے ہیں شرط یہ کہ محبت سچی ہو۔
مفتی سہیل رضا امجددی نے خطاب کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کے مقام و مرتبے کو بلندکرتے ہوئے کہا کہ حضرت آدمؑ کی جب تخلیق ہوئی تو انہیں پیشانی سے اللہ کی تسبیح کی آوازیں آتی تھیں۔ان سے کہا گیا کہ تمہاری اولاد سے جو رسول ہونے والا ہے ، یہ اس کی تسبیح ہے۔ نور کی شکل میں پیدا ہونے والا نور محمدیﷺ، نسل در نسل چمکتا ہوا منتقل ہوتا رہااور حضرت آمنہ ؓ کی گود میں آیا اور پوری کائنات کو منور کردیا ۔یہ نور ازل سے ہے اور قیامت تک قائم رہے گا۔اس نور محمدیﷺ کا کائنات کے ہر ذرے ذرے نے انتظار کیا کیونکہ آپ پوری کائنات کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اطاعت مصطفیﷺ ہی عشق مصطفیﷺ ہے۔ نماز سمیت اللہ کے احکامات پر عمل کرنا ہی عشق مصطفی ﷺہے۔ جو سرکارکریم ﷺ کے عشق کی خاطر نماز نہ پڑھنے ، سرکارﷺ کے احکامات پر عمل نہ کرے ، وہ کیسے جان قربان کرے گا۔میلاد النبی ﷺ اس عہد کے ساتھ منائیں کہ اپنے آقا کے ہر حکم پر ہر صورت میں عمل کریں گے ۔
آخر میں درود وسلام پڑھا گیا، ختم شریف پڑھا گیا اور دعا کروائی گئی۔حسب روایت ڈاکٹر عبدالواحد کی جانب سے شرکاءکے لئے بہترین کھانے کا ہی انتظام نہیں کیا گیا بلکہ ان میںمیلاد النبی ﷺ کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ضیاءالکرم کے چھوٹے بچوں نے ڈاکٹر شہباز احمد چشتی اور ڈاکٹر عبدالواحد کے ساتھ ملکر میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔